نیدرلینڈز کے سفیر کی وزیرِ تجارت اور سیکریٹری کامرس سے ملاقات

39

‎ :اسلام آباد، 22 نومبر  ( اے پی پی)نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ یان سیگرٹ نے وزیرِ تجارت جام کمال اور سیکریٹری کامرس سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شیئرنگ اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیرِ تجارت جام کمال نے نیدرلینڈز کے سفیر کو نئے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارت میں توسیع   کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا سروسز سیکٹر نوجوان آبادی کے باعث تیزی سے ترقی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ملاقات میں زرعی اور غذائی مصنوعات، خصوصاً چاول، کی برآمدات میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

‎ نیدرلینڈز کے سفیر نے بھی کہا کہ ڈچ مارکیٹ میں پاکستانی چاول کی برآمدات مزید بڑھائی جا سکتی ہیں۔سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈچ کمپنیوں کے منافع کی منتقلی سے متعلق مسائل کے حل ہونے پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ملاقات میں پاکستانی ڈیری اور گوشت کی برآمدات کے فروغ، ٹیکنالوجی شیئرنگ، اور ڈرون بیسڈ واٹر مینجمنٹ سمیت کئی تکنیکی منصوبوں پر تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔