یونیورسٹیوں کا بنیادی کام نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے تیار کرنا ہے،وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

47

‎اسلام آباد۔22نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ  تعلیم اور تحقیق ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ہم ترقی کر سکتے ہیں،یونیورسٹیوں کا بنیادی کام نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ تمام فارغ التحصيل طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کرام کو دلی مبارک پیش کرتا ہوں،  یقین ہے کہ یہ باصلاحیت نوجوان ہمارے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر  نے کہا کہ آج گلوبلائزیشن کا دور ہے،یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں کو صرف مقامی مسائل تک محدود نہیں رہنا چاہیے،ایکسچینج پروگرامز کے تحت 100 سے زائد فلسطینی طلبا کو پاکستانی یونیورسٹی سے ڈگری لینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ  اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ جامعات کو نوجوان نسل کی کردار سازی اور اخلاقی اقدار کے فروغ پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

‎سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں ہیومن کیپٹل کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ مضبوط اخلاقی اقدار پر بھی توجہ دیں،حکومت اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ وہ تنہا اعلیٰ تعلیم کے تمام تقاضے پورے نہیں کر سکتی، نجی شعبے کو بھی موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہی نوجوان قوم کی ترقی کی بنیاد ہیں۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ ڈگری کسی منزل کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے،یہ نوجوان کسی بھی قوم سے کم نہیں، بس انہیں سمت، اعتماد اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے،یہ وقت آرام کا نہیں بلکہ ملکی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا ہے،اب آپ نے خود کو بھی منوانا ہے اور اپنے ملک کا نام بھی روشن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جتنا فخر آج طلبہ کو ہونا چاہیے، اتنا ہی ان والدین اور اساتذہ کو بھی ہونا چاہیے جنہوں نے اپنا سب کچھ لگا کر آپ کو اس مقام تک پہنچایا۔