نیشنل تھیلیسیمیا پریوینشن ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار

21

ملتان 19 نومبر (اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ دیگر جینیاتی امراض پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (PTGD) کے زیر اہتمام نیشنل تھیلیسیمیا پریوینشن ڈے کے موقع پر ایک مؤثر آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی میزبانی کا فریضہ پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید، سربراہ شعبہ پیتھالوجی نے خوش اسلوبی سے انجام دیا۔

سیمینار میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھیلیسیمیا جیسے موروثی مرض کی روک تھام کے لیے شادی سے قبل اسکریننگ اور سماجی ذمہ داری کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قومی مہم میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو تھیلیسیمیا میجر فری بنایا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل PTGD ڈاکٹر یاسمین احسان نے ادارے کی خدمات، پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ PTGD پنجاب بھر میں تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے مفت اسکریننگ، جینیاتی مشاورت، اور آگاہی پروگرامز چلا رہا ہے، جن سے ہزاروں خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر رانا ذوالفقار نے تھیلیسیمیا کے علاج کے جدید طریقوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بروقت تشخیص اور جدید علاج سے مریضوں کی زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے، تاہم اصل کامیابی اس مرض کی روک تھام میں ہے۔

ڈاکٹر شاہدہ پروین نے کرونک ویلس سیمپلنگ (CVS) پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ حمل کے ابتدائی مرحلے میں CVS کے ذریعے تھیلیسیمیا اور دیگر جینیاتی امراض کی تشخیص ممکن ہے، جو والدین کو بروقت فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر حمل کے ابتدائی مرحلے میں جینیاتی تشخیص کے لیے ایک الگ روم کا افتتاح بھی کیا گیا۔

انچارج PTGD ملتان احمد ندیم خالد خان نے کہا کہ ایسے آگاہی سیمینارز اور آگاہی سیشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ، اساتذہ اور عوام کو تھیلیسیمیا کی روک تھام کے بارے میں شعور دیا جا سکے۔ انہوں نے PTGD ملتان ٹیم کی محنت اور لگن کو سراہا۔

سیمینار میں بڑی تعداد میں طلبہ، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، اور ہدیہ فاؤنڈیشن کے وفود نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے مقررین کے خیالات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے اپنی سماجی ذمہ داری ادا کریں گے۔