نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

9

اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور رسد کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں رمضان سے قبل زیادہ طلب والی اشیاء کی پیشگی نشاندہی اور مؤثر پلاننگ کے لیے رہنما ہدایات جاری کی گئیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ مہنگائی کے اشاریوں میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، اکتوبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر 2025 میں مجموعی افراطِ زر کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ ضروری اشیاء کی سپلائی سے متعلق جامع پلان آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے، جبکہ زرعی اجناس کی بہتر ترسیل کے لیے کولڈ چین سسٹم کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈیٹا بیس پر مبنی تجزیاتی رپورٹس تیار کرنے کی ہدایت کی، تاکہ فیصلے ٹھوس اور قابلِ اعتماد ڈیٹا کے مطابق کیے جا سکیں۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ مارکیٹ مانیٹرنگ کے مؤثر نفاذ کے لیے عملی اقدامات کو تیز کرے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔