اسلام آباد ، 25 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائیل جباروف، کے درمیان منگل کو وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کا وسیع جائزہ لیا گیا۔ دوطرفہ تجارت میں مسلسل ترقی کو سراہتے ہوئے، دونوں فریقوں نے اقتصادی تبادلوں میں پیش رفت کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دفاعی پیداوار، پٹرولیم اور معدنیات، تعمیرات، لائیواسٹاک، سیاحت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہء خیال کیا۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے پاکستان آذربائیجان مشترکہ سرمایہ کاری کمپنی کے قیام کی تجویز کا اعادہ کیا جس میں دونوں ممالک کی طرف سے مساوی شراکت داری ہو۔ انہوں نے وائٹ آئل پائپ لائن پراجیکٹ میں آذربائیجان کی دلچسپی کو بھی سراہا اور آذر بائیجان کی کمپنی SOCAR کو پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی ۔
دونوں فریقوں نے علاقائی روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے مختصر ترین راستے کے طور پر پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع پر روشنی ڈالی اور ٹرانس کیسپیئن انٹرنیشنل ٹریڈ کوریڈور جیسے اقدامات میں آذربائیجان کے اہم کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات نے دورہ پاکستان کے دوران ان کی مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان جاری مثبت پیش رفت تجارت، معیشت، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے روڈ میپ 2025-2028 کو حتمی شکل دینے کا باعث بنے گی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔











