لاہور، یکم نومبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن پارلیمنٹ کی رکن دِریا تُرک نَخباؤر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، ویمن ایمپاورمنٹ، تعلیم، نوجوانوں کے تبادلہ پروگرام، ماحولیاتی تحفظ اور کلین انرجی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جرمن مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی دل لاہور میں جرمنی کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے جرمنی کی فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن کی 100 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان میں 35 سالہ خدمات کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن نے جمہوریت، سماجی انصاف اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے قانون سازوں، نوجوان رہنماؤں اور خواتین ارکانِ اسمبلی کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرمنی 1951 سے پاکستان کا قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے۔ جرمن تعاون نے پنجاب میں ماحولیات، تعلیم و تربیت، توانائی، صحت اور خواتین کے معاشی کردار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی جمہوریت، برداشت اور پارلیمانی طرزِ حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں جو ترقی اور امن کی بنیاد ہے۔ انہوں نے پارلیمانی روابط کو عوامی اعتماد اور باہمی تفہیم کا پُل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاک جرمن تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ مریم نواز شریف نے نوجوانوں کی روزگار سے متعلق صلاحیت بڑھانے کے لیے جرمنی کے ڈوال ووکیشنل ٹریننگ ماڈل کو اپنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی حجم 2024 میں 3.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنا خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب رینیوایبل انرجی، زرعی ٹیکنالوجی، آئی ٹی سروسز اور کلین مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں مزید جرمن سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومت پنجاب کے اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی ستون ہے، صوبہ نصاب کی جدت، ڈیجیٹل لرننگ اور بین الاقوامی تحقیقی روابط کے فروغ پر کام کر رہا ہے۔ اس وقت دس ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ جرمن جامعات میں زیر تعلیم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کی بااختیاری کو پنجاب کی سماجی پالیسی کا مرکزی جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای بائیک اسکیم، ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور ویمن اینکلیوز جیسے منصوبے خواتین کی محفوظ اور باعزت معاشی شمولیت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ثقافتی ورثہ — بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، شالامار باغ اور داتا دربار — مشترکہ تہذیبی سرمائے کی علامت ہے۔ ثقافتی تعاون مؤثر سفارت کاری کا ذریعہ ہے اور حکومت پنجاب جرمن اداروں کے ساتھ مشترکہ فن و ثقافت منصوبوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی امن، ترقی اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار کے حامل ہیں اور ہم پارلیمانی روابط، پائیدار ترقی اور باہمی تعاون کے ذریعے پاک جرمن دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔











