لاہور، 27 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شالیمار ٹاؤن میں قائم نئے مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزارا، ان سے پیار بھرے انداز میں گفتگو کی اور ادارے کی مختلف کلاسز، تھراپی رومز اور تربیتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لنچ ٹائم بیل بجا کر’’سی ایم سکول میل پروگرام برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس‘‘ کا باضابطہ آغاز بھی کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے وزیراعلیٰ کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے سپیشل اولمپین علی رضا، شاہ گلو حیات اور بلائنڈ کرکٹ کھلاڑی شاہزیب کو کیش پرائز بھی دیے۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل بچوں کی جانب سے تیار کردہ دستکاریوں، پینٹنگز اور مختلف تخلیقی نمونوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایک معذور بچی نے محبت سے وزیراعلیٰ کو بسکٹ پیش کیے جس پر وزیراعلیٰ نے شفقت سے کہاکہ آپ بہت پیاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وائٹ بورڈ پر الفاظ لکھے اور بچوں سے سوالات کیے جن کے درست جوابات بچوں نے مسکرا کر دیے۔ وزیراعلیٰ نے بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کے بریل ریڈنگ سیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔ فزیکل ایکٹیویٹی روم، سپیچ اینڈ لینگویج تھراپی روم، پی ڈی کلاس روم، اسمارٹ کلاس روم اور کمپیوٹر لیب کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک سپیشل بچے نے وزیراعلیٰ کو اپنے ہاتھ سے ڈیزائن کردہ لیٹر ہیڈ پیش کیا، جبکہ ایک بچی نے انہیں فریم شدہ تصویر کا تحفہ دیا۔ وزیراعلیٰ تقریب کے دوران بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں اور خود ویل چیئر پر بیٹھے بچے کو اسٹیج کے قریب لے کر آئیں۔ سپیشل بچوں نے اشاروں کی زبان میں “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے جس پر ماحول جذباتی مناظر سے بھر گیا۔ معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 28 اضلاع میں مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس قائم ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار سے زائد نئی داخلہ جات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق سپیشل ایجوکیشن کے تمام مراکز کو جدید خطوط پر ری ویمپ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل بچوں کے لیے کیے گئے انتظامات، سہولیات اور منصوبے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔











