اسلام آباد ،27 نومبر (اے پی پی): پاکستان اور روس نے بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی )کے دسویں اجلاس کے دوران دیرپا تعاون، مستحکم شراکت داری اور جامع اقتصادی روابط کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔ اجلاس 25 تا 27 نومبر 2025 اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے کی۔
اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور روس نے 10ویں آئی جی سی کا سرکاری پروٹوکول اور تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز ) پر دستخط کئے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور روس کی سپوٹنک نیوز ایجنسی کے مابین میڈیا تعاون اور پیشہ وارانہ تبادلوں کے فروغ کا مفاہمتی یادداشت پر ایم ڈی ’’اے پی پی‘‘ محمد عاصم کچھی اور واسیلی پشکوف، ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی تعاون، روسیا سیگودنیا میڈیا گروپ / سپوتنک نیوز ایجنسی نے دستخط کئے ۔پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور روس کی فیڈرل ایجنسی فار ٹیکنیکل ریگولیشن اینڈ میٹرولوجی کے درمیان معیار، میٹرولوجی اور کنفرمیٹی اسیسمنٹ میں تعاون کا معاہدہ اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور روس کی فیڈرل اینٹی مونوپولی سروس کے درمیان مسابقتی قوانین، ماہرین کے تبادلے اور صلاحیت سازی سے متعلق تعاون کا معاہدے ہوئے ۔











