وزیرداخلہ محسن نقوی کی قائد اعظم یونیورسٹی آمد، پشتون کونسل کے زیر اہتمام روایتی رقص کی تقریب میں شرکت

9

اسلام آباد، 03 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیر کوقائد  اعظم یونیورسٹی میں  پشتون کونسل کے زیر اہتمام روایتی رقص کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشتون طلباء کے ساتھ ملکر روایتی اتن رقص میں حصہ لیا۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشتون طلباء کے ساتھ وقت گزارا۔ قبل ازیں وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، اساتذہ اور طلباء نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا قائد اعظم یونیورسٹی آمد پر استقبال کیا۔

‎ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشتون ثقافت کے خوبصورت اظہار کو سراہتے ہوئے نوجوانوں سے غیر رسمی گفتگو  کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے طلباء کو تعلیم کے ساتھ  مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے  کی تلقین کرتے ہوئے  کہا کہ نوجوان پاکستان کا فخر اور مستقبل ہیں، پاکستان کی طاقت اس کی ثقافتی یکجہتی میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پشتون ثقافت کا پوری دنیا میں منفرد مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون طلباء کی تقریب میں آکر دلی خوشی ہوئی، اس طرح کی تقریبات ایک دوسرے کو قریب لاتی ہیں، جس سے محبت و بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے ۔ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی، ڈپٹی کمشنر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔