وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سےآرچ بشپ کی ملاقات

11

اسلام آباد، 03نومبر)اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پیر  کواسلام آباد میں ہولی سی کے سفیر، آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے ملاقات کی۔

 ملاقات میں باہمی امور، خصوصاً پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے حوالے سے جاری حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران مسیحی برادری کی قومی ترقی میں خدمات، خصوصاً تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں کردار کا ذکر کیا اور کہا کہ مسیحی مشنری تعلیمی اور طبی اداروں نے طویل عرصے سے پاکستانی معاشرے کی خدمت کی ہے۔

ملاقات میں حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے تحفظ، شمولیت اور سہولت رسانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں عبادت گاہوں کی سیکیورٹی اور بحالی، برابری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے نظام کی مضبوطی، اور تعلیمی وظائف، ہنر مندی کے مواقع اور مالی معاونت کی فراہمی شامل ہیں۔