اسلام آباد، 9 نومبر ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں وزیرِ اعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ عشائیے میں حکومتی و اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں اور سینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں اتحادی جماعتوں کے کردار اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی مفاد میں اس آئینی ترمیم کی حمایت کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ اور اتفاقِ رائے کی مثال قائم کی۔ 27ویں آئینی ترمیم وفاق کی مضبوطی، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، اور گورننس میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے دوران حاصل ہونے والی تمام کامیابیاں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور عالمی سطح پر بہتر ساکھ تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی کی عکاس ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا ہے۔ ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے جبکہ سیاسی و معاشی استحکام کے باعث ملک کی سمت درست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔











