وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات

7

ریاض،25 نومبر(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منگل کو یہاں سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی، جس دوران سکیورٹی امور اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں برمی مسلمانوں کے لیگل سٹیس کا دیرینہ مسئلہ حل کئے جانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ سعودی  وزیر داخلہ نے برمی مسلمانوں کے مسئلے کے حل پر پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے اظہار تشکر کیا۔

ملاقات میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے  ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان – سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپ کا اجلاس اگلے ماہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور ہمیں سعودی عرب کے ساتھ پائیدار تعلقات پر فخر ہے۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستان کے سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔