وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں وجوانوں سے ملاقات کے لئے  ایف سی ہیڈ کوارٹر  آمد، بہادری اور جذبے کو سراہا

15

پشاور،28 نومبر(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ  محسن نقوی  فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر خود کش دھماکے کے بعد فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں وجوانوں سے ملنے  ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور پہنچ گئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیرداخلہ  محسن  نقوی نے حملے کی جگہ کا معائنہ کیا اور فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر میں  اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کو فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی شجاعت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جام  شہادت  نوش  کرنے  والے تینوں جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔شہداء نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ایف سی کانسٹیبلز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور 3 خودکش بمباروں کو 3 منٹ میں جہنم واصل کیا۔ جام شہادت  نوش  کرنے  والے  جوانوں  کی  قربانی رائیگاں  نہیں  جائے  گی۔

شہداء  کے خاندانوں کا اپنے خاندان کی طرح خیال رکھا جائے گا۔ شہداء نے جوانمردی  کی  لازوال  مثال  قائم  کی اور  دشمن  کے حملے  کو پسپا  کیا۔جس دلیری  سے  آپ نے بھارتی  سپانسرڈ  دہشتگردوں  کا  مقابلہ  کیا  وہ قابل  تحسین  ہے۔ اس موقع پر  آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید،کمانڈنٹ  فیڈرل  کانسٹیبلری  نذیر  گاڑا  اور  اعلیٰ  حکام  بھی  موجود  تھے۔