لاہور، 29 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کے قیام کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نمائشوں اور سرگرمیوں میں شرکت کی۔ وزیرداخلہ نے تاریخی اور جدید فن پاروں، پینٹنگز اور دیگر تخلیقی نمائشوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔محسن نقوی نے آرٹ گیلری میں موجود منفرد اور نایاب پینٹنگز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ خصوصاً تجریدی آرٹ کے فن پاروں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے صادقین اور دیگر نامور پاکستانی مصوروں کی قرآنی آیات پر مبنی خطاطی کے شاہکار فن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیر داخلہ نے این سی اے کے نایاب کتاب گھر کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے تاریخی ورثے اور تخلیقی سرمائے کو سراہا۔ وزیرداخلہ نے 150 سالہ تقریبات کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کو مبارکباد دی۔ وائس چانسلر نے محسن نقوی کو این سی اے کی تاریخ، کارکردگی اور تقریبات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔











