اسلام آباد، 29 نومبر ( اے پی پی ) : وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر کی مابین ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیرِ تجارت نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ترسیلات زر میں مثبت اضافہ ریکارڈ ہو رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بتدریج مستحکم ہو رہے ہیں، جب کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو درپیش منی ریپیٹری ایشن کے مسائل بھی بڑی حد تک حل کر دیے گئے ہیں۔توانائی کے شعبے میں صنعتی اداروں کی سولر اور دیگر قابل تجدید ذرائع کی جانب منتقلی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈنمارک نے پاکستان کے ساتھ جاری تین سالہ شراکت داری پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرڈ پلاننگ، ڈیٹا سسٹمز اور افیشنسی سے متعلق اہم اصلاحات میں تعاون کیا جا رہا ہے۔ڈنمارکی کمپنیاں پاکستان کے زرعی اور آئی ٹی شعبوں میں بدستور دلچسپی رکھتی ہیں، تاہم کچھ ادارے قانونی اور سرٹیفکیشن سے متعلق رکاوٹوں کے باعث محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے ڈنمارک کو لاہور اور کراچی میں ہونے والی آئندہ تجارتی نمائشوں میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
ملاقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پاکستان کی کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور افریقی مارکیٹوں میں اپنی جگہ بنا رہی ہے۔
دونوں ممالک نے تجارت، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی تعاون اور نئی مارکیٹوں تک رسائی کے میدان میں شراکت داری مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔











