اسلام آباد، یکم نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ تجارت نے ایرانی سفیر کو 22ویں پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی اور ایرانی کمپنیوں کو “فوڈ ایگ 2025” نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ نمائش 25 سے 27 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ فوڈ ایگ نمائش پاک ایران کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور زاہدان کے گورنر کے باہمی اعلیٰ سطحی دوروں کی بھی تجویز دی۔ایرانی سفیر نے ملاقات میں بتایا کہ ایران کی جانب سے 4 لاکھ ٹن چاول اور 3 لاکھ ٹن گوشت کی درآمد پر پیش رفت ہو چکی ہے، جبکہ ایران اب جانوروں کی خوراک اور مکئی کی خریداری کے لیے بھی تیار ہے۔
وزیرِ تجارت نے پاک ایران بارٹر ٹریڈ میکانزم میں ترمیم کو سراہنے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا مسودہ جلد منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایرانی سفیر نے کوئٹہ تا زاہدان پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دو طرفہ روابط کو مضبوط کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ 2028 تک دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جائے گا۔ وزیرِ تجارت نے ایرانی ٹرکوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ایف بی آر اور وزارتِ مواصلات سے مشاورت پر زور دیا اور مند-پشین بارڈر مارکیٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے چیگدی-کوہک اور گبد-ریم دان بارڈر مارکیٹس کے جلد آغاز پر بھی زور دیا۔ دونوں ممالک نے نان ٹیرف رکاوٹیں کم کرنے اور قرنطینہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں فریقوں نے باہمی اعتماد اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











