اسلام آباد: میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز، ٹی چوک فلائی اوور دسمبر میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا

22

‎اسلام آباد، یکم نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے نے وزیر داخلہ کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

‎محسن نقوی نے بتایا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ فلائی اوور کو دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔

‎انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں پر بیک وقت 24/7 کام جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولت میسر ہو۔ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

‎وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے مسافر سگنل فری سفر کر سکیں گے، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کے سفری مسائل کے حل میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

‎محسن نقوی نے زور دیا کہ شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور اسے اگلے 30 روز میں مکمل کرنے کے لیے دن رات محنت کی جائے۔

‎ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ شاہین چوک انڈر پاس اسلام آباد کا ایک ماڈرن ترقیاتی منصوبہ ہوگا جو شہریوں کے لیے نمایاں سہولت فراہم کرے گا۔