اسلام آباد،06نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اے ایف سی اور فیفا کے ساتھ آئندہ مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ حکومت پاکستان فٹ بال کے فروغ کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن اور فیفا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نےوزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وفد کی قیادت شیخ سلمان ابراہیم بن خلیفہ نے کی جو اے ایف سی کے صدر، فیفا کے سینئر نائب صدر اور بحرین کے شاہی خاندان کے ممتاز رکن ہیں۔ ان کے ہمراہ داتوک سری وِنڈسر جان (سیکرٹری جنرل اے ایف سی)، احمد عبدالصمد (اے ایف سی صدر کے اسٹاف آفیسر)، سید محسن گیلانی (صدر، پاکستان فٹ بال فیڈریشن -پی ایف ایف) اور علی اکرم (ڈائریکٹر لیگل پی ایف ایف) بھی شریک تھے۔
وزیرِ دفاع نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے فروغ کے لئے بین الاقوامی تعاون، نوجوانوں کی شمولیت اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی ناگزیر ہے۔شیخ سلمان ابراہیم بن خلیفہ نے پی ایف ایف کی کاوشوں کو سراہا اور حکومتِ پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اے ایف سی اور فیفا پاکستان میں فٹ بال کے نظام کو مستحکم بنانے اور مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان فٹ بال کے فروغ کے لئے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے اے ایف سی اور فیفا کے ساتھ آئندہ مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم کیا جو نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع بڑھانے کے لئے تشکیل دیئے جائیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں دونوں فریقوں نے پاکستان میں فٹ بال کی بحالی اور ترقی کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











