وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس

14

اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، مشیرِ نجکاری محمد علی، سیکرٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے حکام نے وفاقی وزیر کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اگر قوانین یا پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو حکومت اس پر ضرور غور کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایسا ماڈل تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔

احد چیمہ نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی منظوری اور بڈنگ کے عمل کو سہل بنانے پر مسلسل کام کر رہی ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی اور متعلقہ وزارتوں کی مشاورتی و ریگولیٹری صلاحیت بڑھانے سے منصوبوں کی شفاف نگرانی ممکن ہو سکے گی۔