وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت اجلاس، آزاد جموں و کشمیر کی ایکشن کمیٹی  معاہدے پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ

13

اسلام آباد،28 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ  لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ معاہدے پر مکمل اور فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح ہدایات جاری کی ہیں اور وہ خود معاہدے پر عملدرآمد کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ آئندہ اجلاس جلد مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو جلد خوشخبری دیں گے۔

اجلاس میں پاور ڈویژن، نیشنل ہیلتھ سروسز، وفاقی تعلیم، آئی ٹی و ٹیلی کام، ایوی ایشن ڈویژن، مواصلات، اقتصادی امور ڈویژن، خزانہ، اور منصوبہ بندی و ترقی سمیت مختلف وفاقی وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔