ابوجا، (نائیجیریا)،28 نومبر(اے پی پی): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس رانا احسان افضل نے نائیجیریا کے وزیر خارجہ تُگّر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق متعدد امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارتی معاہدہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی جبکہ پاکستانی بزنس برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے نائیجیریا میں ویزا سہولیات میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح پاکستان آنے والے نائیجیریا کے شہریوں کے لیے بھی ویزا میں آسانیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، جس کا نائیجیریا کی قیادت نے خیر مقدم کیا۔
بات چیت کے دوران توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلز اور حلال ٹریڈ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر غور کیا گیا۔ دونوں ممالک نے عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ نائیجیریا 477 ارب ڈالر کی معیشت کے ساتھ افریقہ کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہے، جبکہ دونوں ممالک نے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔











