باکو، 22 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی ایٹ برائے اقتصادی تعاون کے سیکریٹری جنرل ایمبیسیڈر اسیاکا عبدالقادر امام کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ڈی ایٹ ممالک کے درمیان باہمی تعاون خصوصاً میڈیا، فیک نیوز کے تدارک اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز دنیا کا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مؤثر حکمتِ عملی کے تحت فیکٹ چیکنگ کا مضبوط نظام تشکیل دینا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز پر مؤثر کنٹرول کے بغیر ڈی ایٹ ممالک ایک مضبوط مشترکہ بیانیہ تشکیل نہیں دے سکتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رکن ممالک متفقہ میڈیا پالیسی کے ذریعے غلط معلومات کا مقابلہ کریں۔ملاقات میں ڈی ایٹ ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر بھی مفصل گفتگو ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثقافتی تعاون خطے میں ہم آہنگی اور مثبت امیج کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافت، ابلاغ اور ٹیکنالوجی کا اشتراک ڈی ایٹ ممالک کے عوام کو مزید قریب لا سکتا ہے۔سیکریٹری جنرل اسیاکا عبدالقادر امام نے کہا کہ ڈی ایٹ ممالک کی کامیابی اس بات سے مشروط ہے کہ وہ ایک دوسرے کی ترقی میں کس حد تک معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ ٹریننگز و ورکشاپس کے انعقاد کو ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مضبوط اور مثبت بیانیہ تشکیل دینے کے لیے ڈی ایٹ پلیٹ فارم پر تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔











