اسلام آباد، 27 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پہلے عالمی مقابلہ حسن َقرأت کے چار روز سے جاری رہنے والی مقابلوں کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی مقابلہ حسن ِقرأت کی تکمیل پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اللہ تعالی نے ہمیں یہ موقع عطا کیا 24 نومبر سے شروع ہو کر 27 نومبر کو یہ مقابلے اختتام پذیر ہوئے۔ دنیا کے 37 ممالک سے قرا حضرات تشریف لائے جنہوں نے قران حکیم کی انتہائی خوش الہانی کے ساتھ تلاوت کی ۔قران حکیم میں ارشاد ہے کہ قران کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھا جائے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مقابلہ حسنِ قرأت کرانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔انشاءاللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ قران کریم کی عظمت اور اہمیت ہم بیان نہیں کر سکتے،قران حکیم سرچشمہ ہدایت اور ہماری نجات کا ذریعہ ہے جو ہمیں دنیا اور اخرت کی کامیابیوں سے ہمکنار کر سکتا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ چیف کوارڈینیٹر اور چیف جج قاری سید صداقت علی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ایران مصر اور کویت کے ججوں نے بھی مقابلے میں منصف کے فرائض سرانجام دیے ، وزارت مذہبی امور نے نظام صلاۃ کے قیام کےلیے کام شروع کر دیا ہے علماء اور مشائخ کونسل قائم کی گئی ہے جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ قران کا پوری انسانیت کے لیے پیغام پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قران حکیم کے ذریعے ہم ساری دنیا میں امن سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔











