اسلام آباد، 26 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے تحفظ، ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسیکے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل شہزاد اقبالسے ملاقات کی، جس میں سمندری آلودگی کے تدارک، بحری ماحول کے تحفظ اور ساحلی علاقوں کی مضبوطی کے حوالے سے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو ہوئی۔
ریئر ایڈمرل شہزاد اقبال نے وفاقی وزیر کو PMSA کے جاری اقدامات پر بریفنگ دی، جن میں ویسل مانیٹرنگ سسٹم جیسے اہم منصوبے شامل ہیں جو بحری نگرانی اور پائیدار ماہی گیری کے انتظام کو بہتر بنانے میں معاون ہیں۔ انہوں نے PMSA کے بنیادی فرائض پر بھی روشنی ڈالی، جن میں غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، بین الوزارتی رابطہ کاری، بحری سرحدوں کی نگرانی اور پاکستان کی ثانوی بحری فورس کے طور پر خدمات شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی وزیر کو 9 تا 11 دسمبر مجوزہ مشق باراکوڈا میں شرکت کی دعوت دی، جو تیل کے رساؤ سے نمٹنے، سمندری آلودگی کے انتظام اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو کی قومی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے نہایت اہم تصور کی جاتی ہے۔
ملاقات میں سمندر میں کچرے کی ڈمپنگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے اور اس کے سمندری حیات، ماہی گیری اور پاکستان کے برآمدی شعبے پر سنگین اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے سمندروں کے تحفظ، ماحولیاتی سکیورٹی کے استحکام اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط سمندری نظم و نسق کے فروغ کے لیے PMSA کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کی بحری حدود کے تحفظ میں PMSA کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اداروں کے درمیان مربوط کوششیں ہی سمندری وسائل کے طویل مدتی تحفظ اور پائیداری کو یقینی بنا سکتی ہیں۔











