‎وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی

17

‎اسلام آباد، 8 نومبر ( اے پی پی):  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس  ویڈیو لنک کے ذریعے باکو سے منعقد ہوا، جس میں کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی۔

‎اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کابینہ اراکین، اتحادی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

‎وزیرِ اعظم نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان رشتے کی مضبوطی اور قومی مفاد میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے وزارتِ قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ قانون و انصاف نے میڈیا کو آئینی ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی، جبکہ اب اس مسودے کو پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

‎وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے اس آئینی ترمیم پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف سے مشاورت کی اور ان کی رہنمائی حاصل کی۔ انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھی اعتماد میں لینے اور ان کی رضامندی پر شکریہ ادا کیا۔

‎وزیرِ اعظم نے اتحادی جماعتوں کے سربراہان بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک حسین سمیت ایمل ولی خان اور اعجاز الحق جیسے سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے اس مسودے کی بھرپور تائید کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللّہ کے فضل و کرم سے  سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت  ملک  کی سمت درست ہوچکی ہے، اور اب ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔