ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہنگامی اقدامات، سموگ میں نمایاں کمی ریکارڈ

11

ملتا، 21  نومبر (اے پی پی ): ملتان میں سموگ کی شدت کم کرنے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر آپریشنز مزید تیز کر دیے ہیں۔ شہریوں کی صحت کے تحفظ اور فضا کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر صفائی، چھڑکاؤ اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔سی ای او کمپنی کبیر خان نے کہا ہے کہ شہر کی مرکزی، مصروف اور اہم شاہراہوں پر صبح و شام پانی کا چھڑکاؤ باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے، جس سے فضائی گرد و غبار کم ہوا ہے اور سموگ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ فیلڈ ٹیموں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے اور تمام آپریشنز کو تیزی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔کبیر خان نے بتایا کہ شہر میں تعمیراتی کام کے باعث سڑکوں پر مٹی، بجری یا تعمیراتی مٹیریل پھینکنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ اس حوالے سے خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جو فوراً موقع پر جا کر جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لا رہا ہے۔ کمپنی کے سی ای او کبیر خان نے بتایا کہ تعمیراتی فضلہ سڑکوں پر پھینکنے سے سموگ میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔مزید برآں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق شہر میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کا عمل آلودگی کا بڑا سبب بنتا ہے، جس کے خلاف مقدمات درج کرانے کا عمل جاری ہے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔ کمپنی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی ماحول دوست رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ سموگ پر قابو پانے میں شہری تعاون انتہائی اہم ہے۔