ٹوکیو، 10 نومبر ( اے پی پی): سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو میں یومِ اقبال کی مناسبت سے پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس دوران مقررین نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی زندگی، فلسفہ اور خدمات پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے علامہ اقبال کے ابدی پیغام، خودی اور فکری بیداری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے پروفیسر ہیراؤجی کاتااوکا (تمغہ امتیاز) ، ٹوکیو یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز سے پروفیسر مامیا کینساکو، پروفیسر عامر خان ، اوساکا یونیورسٹی سے پروفیسر ضیاء الحسن، پروفیسر سو یامانی اور پروفیسر ٹاکاماتسو ماتسومورا اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کا فلسفہ آج بھی پاکستان کی ترقی، وقار اور خود انحصاری کے سفر میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے، اقبال کی شاعری تہذیبوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے اور آزادیِ فکر اور انسانی عظمت کے قدردانوں کو دنیا بھر میں متاثر کرتی ہے۔
تقریب سے پاکستانی کمیونٹی کے طلباء اور جاپانی جامعات کے اردو زبان سیکھنے والے طلبا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اقبال کی شاعری کے لیے اپنی عقیدت کا اظہار کیا اور پاکستان و جاپان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











