پاکستان اور روس بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی )کا دسواں اجلاس

11

اسلام آباد27نومبر  (اے پی پی):پاکستان اور روس نے بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی )کے دسویں اجلاس کے دوران دیرپا تعاون، مستحکم شراکت داری اور جامع اقتصادی روابط کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔ اجلاس 25 تا 27 نومبر 2025 اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے کی۔اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں 9ویں آئی جی سی  اجلاس کے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے قیادت کی ہدایات کی روشنی میں اجلاس میں شرکت کی۔ فریقین نے پاکستان اور روس کے سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جامع اور مستقبل بین شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا جو علاقائی استحکام اور رابطہ کاری کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔ اجلاس میں 9ویں آئی جی سی  کے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے فروغ، برآمدات کے دائرے کو وسعت دینے اور کاروباری طبقے کے درمیان روابط بڑھانے کے لئے ہونے والی تعمیری بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارتی نمائشوں، کاروباری برادریوں کے تبادلوں اور پاکستانی مصنوعات جن میں ٹیکسٹائل، سپورٹس آئٹمز، آئی ٹی سروسز، انجینئرنگ مصنوعات اور زرعی اجناس شامل ہیں ،کی مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 فریقین نے اتفاق کیا کہ پاکستان۔روس آئی جی سی  کا 11واں اجلاس 2026 میں روس میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر منعقد ہوگا۔ مشترکہ صدور نے 10ویں اجلاس کے مثبت اور تعمیری نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی احترام، اعتماد اور دیرپا تعاون کی بنیاد پر پاکستان۔روس تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کو دہرایا۔   اس موقع پر  وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان۔روس بین الحکومتی کمیشن کے حالیہ اجلاس نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی ہے، جو مستقبل میں معاشی اور تکنیکی شراکت داری کو نئی مضبوطی فراہم کریں گے۔