صوبائی وزیر کی زیر صدارت یونیورسل ہیلتھ انشورنس، ایڈلٹ کارڈیک سرجری، سٹروک اور کینسر پروگرام کے حوالے سے اجلاس

10

لاہور، 27 نومبر (اے پی پی): پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت یونیورسل ہیلتھ انشورنس، ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام، سٹروک پروگرام اور کینسر پروگرام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر کو مانیٹرنگ فریم ورک، سروس ڈلیوری اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کے تمام پراجیکٹس میں شفافیت، معیاری سروس اور مریضوں کی آسانی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔  انہوں نے زور دیا کہ بہترین مانیٹرنگ کے بغیر سہولیات کا معیار بہتر نہیں ہوسکتا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت میں جدید اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب عوام کو بہترین، معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ کینسر، سٹروک اور ایڈلٹ کارڈیک سرجری کے نئے تاریخی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔  خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو ایک پائیدار ماڈل کے تحت چلایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔