اسلام آباد، 4 0نومبر (اے پی پی ):پاکستان بیت المال (پی بی ایم) اور موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت سماجی تحفظ کے پروگرامز کے مستفیدین کے لیے الیکٹرانک بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم (EBVS) متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت میں اضافہ اور مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب پی بی ایم ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ، سی ای او جاز کیش مرتضیٰ علی، اور دونوں اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش نے پی بی ایم کے جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
شراکت کے تحت ایم ایم بی ایل اپنی ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارم میں بائیومیٹرک تصدیقی ٹیکنالوجی کو ضم کرے گا، جس کے ذریعے مستحقین اپنی مالی امداد محفوظ بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے وصول کر سکیں گے۔
اس موقع پرشاہین خالد بٹ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان بیت المال کے سماجی تحفظ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر مستحق فرد کو اس کا حق بروقت اور شفاف انداز میں پہنچے۔”
انہوں نے بتایا کہ بائیومیٹرک ادائیگی کا یہ نظام ملک بھر میں 60 ہزار سے زائد مستحق افراد، بشمول بیواؤں، معذور افراد، خواتین تربیتی مراکز کی طالبات، مزدور بچوں کے اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا کے والدین، یتیم و بیواؤں کے امدادی پروگرامز کے مستحق بچوں اور قدرتی آفات، حادثات یا وبائی امراض کے متاثرین کو فائدہ پہنچائے گا۔
مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں “اُڑان پاکستان پلان” کے تحت ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے وژن کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی کا اظہار کیا، تاکہ آپریشنل کارکردگی میں بہتری، جدت کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مسابقتی کردار کو مضبوط بنایا جا سکے۔
سی ای او جاز کیش مرتضیٰ علی نے پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے کے ساتھ شراکت داری کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ ملک کے غریب ترین طبقات کے لیے شفاف اور مؤثر الیکٹرانک بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











