کوئٹہ، 04 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت بلوچستان کی سکھ کمیونٹی کو دلی مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان ہمیشہ سے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کی سرزمین رہا ہے، جہاں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگ صدیوں سے امن و بھائی چارے کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم گرو نانک دیو جی کے جنم دن پر اپنی سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو جہاں بھی تعاون یا معاونت درکار ہوگی حکومت بلوچستان بلا امتیاز فراہم کرے گی، صوبے میں تمام اقلیتیں ہمارے سماجی ڈھانچے کا اہم حصہ ہیں اور ان کا کردار امن، ترقی اور ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی، تحفظ اور مساوی شہری حقوق کی حقدار ہیں جو آئینِ پاکستان کی روح کے عین مطابق ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ہر مذہب، نسل اور برادری کے درمیان بھائی چارہ، محبت اور احترام کے فروغ کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی، کیونکہ یہی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت اور شناخت ہے۔










