اسلام آباد ، 6 نومبر، (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں آل پاکستان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن اور پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ماربل کی برآمدات میں درپیش رکاوٹوں، ویلیو ایڈیشن کے چیلنجز اور ماربل سیکٹر کے لیے مراعات و سہولتوں کے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
جناب ہارون اختر خان نے اعلان کیا کہ ماربل سیکٹر کو صنعت قرار دیا جائے گا، اور اس بات پر زور دیا کہ یہ شعبہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ماربل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی تاکہ موجودہ مسائل کے حل اور پائیدار صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا، “پاکستان کا ماربل عالمی معیار کا ہے، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ویلیو ایڈیشن اور بہتر برانڈنگ کے ذریعے اس کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔” ہارون اختر خان نے کہا کہ “حکومت صنعت کاروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ پالیسی سطح پر اصلاحات لائی جا سکیں جو اس شعبے میں مسابقت اور پیداواریت میں اضافہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماربل سیکٹر کے استحکام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور حکومت سرمایہ کاروں اور برآمدکنندگان کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔
معاونِ خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ جدید مہارتوں کی تربیت اور تکنیکی معاونت کی فراہمی سے ماربل انڈسٹری کو مزید فعال اور عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے پاسڈیک اور نجی شعبے کو ہدایت کی کہ وہ ماربل کی پروسیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کے استعمال کو فروغ دیں۔
جناب ہارون اختر خان نے پاسڈیک اور ماربل ایسوسی ایشن کو ہدایت دی کہ وہ اٹلی کے ساتھ تعاون کے لیے تجاویز تیار کریں، خصوصاً ٹیکنالوجی کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے، اور برآمدات کے فروغ کے حوالے سے۔











