پاکستان کا مستقبل سمندر سے جڑا ہے، پائیدار “بلیو گروتھ” معیشت کی نئی سمت ہے، وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری

13

اسلام آباد، 6 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل سمندر سے وابستہ ہے اور پائیدار “بلیو گروتھ” ملکی معیشت کی نئی سمت متعین کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پاکستان کی تجارت، توانائی اور موسمیاتی لچک کا محور بن رہا ہے، جبکہ پاکستان کے میری ٹائم وژن کا عملی اظہار ہے۔ وزیر نے بتایا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن  کے بیڑے میں دو نئے جہاز شامل کر دیے گئے ہیں اور تین مزید جہاز جلد شامل کیے جائیں گے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پہلی نجی فیری سروس کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے جو پائیدار سمندری سفر کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پورٹ قاسم پر “گرین شپ ریپیر اینڈ ری سائیکلنگ یارڈ” قائم کیا جائے گا، جو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ اور جدید سہولت ہو گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قومی ماہی گیری و ایکوا کلچر پالیسی منظور کر لی گئی ہے، جس کے تحت ماہی گیری کی برآمدات کو دوگنا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سمندری شعبے میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔

آخر میں جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان 2047 تک علاقائی “بلیو اکانومی” مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے اور اس وژن کے حصول کے لیے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جامع پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔