پاکستان میں زیتون کی کاشت کا سفر اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے؛  رانا تنویر حسین کا عالمی یوم زیتون پر پیغام

10

اسلام آباد ،26 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے عالمی یومِ زیتون کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کا سفر اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور ملک پائیدار زراعت کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت پاکستان میں زمین کی بحالی، پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ زیتون کی صنعت کے فروغ سے نہ صرف دیہی معیشت کو نئی جان ملی ہے بلکہ لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

رانا تنویر حسین کے مطابق پاکستان نے اپنے جنگلی زیتون کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال لیا ہے اور زیتون کی کاشت میں ہونے والی ترقی عالمی شراکت داری کا ثمر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر زیتون کے معیار کو مزید بہتر بنائے گی اور زیتون کے تیل کی عالمی برآمدات میں پاکستان کا حصہ بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زیتون کی کاشت کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم حکمتِ عملی کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کا پائیدار اور سبز مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کی صنعت کی ترقی سے غربت کے خاتمے میں بھی نمایاں مدد ملے گی اور پاکستان عالمی سطح پر زیتون اور اس کے تیل کا ایک اہم مرکز بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

آخر میں، رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت زیتون کی کاشت اور اس سے وابستہ صنعت کو قومی معیشت کی مضبوطی اور دیہی ترقی کا اہم ستون بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔