لاہور،18نومبر (اے پی پی):پاکستان کی جانب سے این ڈی ایم اے کی زیر سر پرستی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے منگل کے روز علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پور ٹ لاہور سے100ٹن امدادی اشیا پر مشتمل 25ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پروازغزہ روانہ کر دی گئی۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں خیمے۔ترپال ۔پانی کے کین و اشیا ء شامل ہیں۔اب تک 25 امدادی کھیپوں کے ذریعے مجموعی طور پر2ہزار 427ٹن امدادی سامان روانہ کیا جاچکاہے ۔امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں حکومتی نمائندے ،این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران اورالخدمت فاؤنڈیشن سمیت دیگر سماجی تنظیموں کے نما ئندے بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پاکستان غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور یہ امداد ہمارے مشترکہ اقدار، اسلامی اخوت اور اخلاقی ذمہ داری کا اظہار ہے۔انہوں نے نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وہ فلسطین میں پائیدار امن، بہادر فلسطینی عوام کی سلامتی اور خطے میں استحکام کے لیے دعا گو ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمان ہمارے بھائی ہیں، ان کی امداد کا سلسلہ جا ری رہے گا . رانا مبشر اقبال نے کہا کہ فلسطین کے معصوم بچوں اور بے گناہ انسانیت کو روزانہ کی بنیاد پر شہید کیا جا رہا ہے،اسرائیل دنیا میں امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے،اقوام متحدہ اسرائیل کی جاری دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔ تمام اسلامی ممالک کو مل کر فلسطین کا ساتھ دینا ہوگا،اسرائیل غزہ اور فلسطین کے شہری علاقوں میں بمباری کر کے انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ غزہ کو بروقت سامان کی فراہمی پر این ڈی ایم اے اورالخد مت فاؤنڈیشن سمیت دیگر سماجی تنظیموں کے کر دار کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔











