پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے صنعتی شعبے کی بحالی، برآمدات میں اضافہ اور کاروباری ماحول میں بہتری ناگزیر ہے، ہارون اختر خان

13

اسلام آباد۔ 11 نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے صنعتی شعبے کی بحالی، برآمدات میں اضافہ اور کاروباری ماحول میں بہتری ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیرِ اہتمام چھٹے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو “گریٹ پاور پولیٹکس اینڈ دی فیوچر آف انٹرنیشنل سیکیورٹی” کے موضوع پر منعقد ہوا۔ اس ڈائیلاگ میں ملکی و غیر ملکی ماہرینِ معیشت و پالیسی سازوں نے شرکت کی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کو سہولتیں فراہم کرنے، توانائی کے نرخوں میں توازن لانے اور ٹیکس اصلاحات کے ذریعے پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ اور مینوفیکچرنگ کے حصے میں اضافے سے نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو خود انحصاری اور پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے جامع معاشی پالیسیوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔

اجلاس کی نظامت ایکسپریس میڈیا گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور معروف اینکر فہد حسین نے کی۔