اسلام آباد میں چھٹا مارگلہ ڈائیلاگ 2025، عالمی طاقتوں کے توازن اور سلامتی کے مستقبل پر اظہارِ خیال

17

اسلام آباد، 11 نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں منعقدہ چھٹے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 میں مقررین نے عالمی طاقتوں کے بدلتے ہوئے توازن، خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی سلامتی کے مستقبل پر اظہارِ خیال کیا۔ یہ ڈائیلاگ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیرِ اہتمام “گریٹ پاور پولیٹکس اینڈ دی فیوچر آف انٹرنیشنل سیکیورٹی*” کے موضوع پر منعقد ہوا۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی روابط کے فروغ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ، بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات اور عالمی عدم مساوات کے خاتمے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تعاون، روابط اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی جیو اکنامک وژن پر عمل پیرا ہے۔چیئرمین پاکستان۔چائنا انسٹیٹیوٹ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی سیاست میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان کو اپنے محلِ وقوع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

چین کے سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر ژی کائی گاؤ نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اور مستقبل میں بھی عالمی مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

روسی ماہرِ تدریس محترمہ اناستاسیا میلیگینا نے کہا کہ عالمی سطح پر تخفیفِ اسلحہ اور پائیدار ترقی کے درمیان توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔