پنجاب اور چین کے سرمایہ کار گروپ کے درمیان 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے

16

لاہور، 26 نومبر (اے پی پی): محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور چین کے سرمایہ کار گروپ سینو پاک ٹیک انڈسٹری پرائیویٹ کے مابین پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چینی کمپنی کے سی ای او پیڈرک نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق چین کا سرمایہ کار گروپ پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں 300 ایکڑ رقبے پر جدید انڈسٹریل پارک قائم کرے گا، جس میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جائے گی۔ انڈسٹریل پارک میں ٹیکسٹائل، آٹوموٹیو، فارماسوٹیکل اور دیگر شعبوں کے صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ پیسک ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں چینی سرمایہ کاروں کے علاوہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی، ایگزیکٹو ممبر وہاب طارق بٹ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس معاہدے کو پنجاب کی معاشی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت چین کے سرمایہ کار گروپ کو سپیشل اکنامک زون میں درکار اراضی فراہم کرے گی اور مکمل تعاون مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانا میرا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے حالیہ دورۂ چین کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ متعدد چینی کمپنیاں پنجاب میں اپنے صنعتی یونٹس قائم کر رہی ہیں۔ چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات فراہم کر رہی ہے۔ فیڈمک کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر اور بینک برانچز بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر  موجود ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔