پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ایف بی آر طرز پر اصلاحات کا آغاز، بڑے ٹیکس دہندگان کے لیے الگ کمشنریٹ کے قیام کی تجاویز کا جائزہ

11

لاہور، 26 نومبر (اے پی پی): پنجاب ریونیو اتھارٹی  میں وفاقی بورڈ آف ریونیو کی طرز پر جامع اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 129 ویں اتھارٹی میٹنگ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں متعدد اہم نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بڑے حجم والے ٹیکس دہندگان کے لیے علیحدہ کمشنریٹ کے قیام کی سفارشات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق انفورسمنٹ افسران کی روزانہ کارکردگی کو ڈیش بورڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ جزا و سزا کا جدید اور مؤثر میکنزم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ آئی ٹی ونگ میں نئی آسامیوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی، تاکہ پی آر اے ڈیٹا بیس کو مزید مربوط اور تمام ایپلی کیشنز کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا سکے۔ مزید براں، افسران کی کارکردگی میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے آڈٹ اینڈ ویجیلینس ونگز کے قیام سے متعلق سفارشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پی آر اے کمشنر اپیل کو بذریعہ ویڈیو لنک کیسز سننے کی سہولت دینے کی سفارش بھی ایجنڈے میں شامل رہی۔ میٹنگ میں ری سٹرکچرنگ پلان، نئے کمشنریٹس کے قیام، اور نئی آسامیوں پر تعیناتی سے متعلق سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے بھجوایا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی میں جاری اصلاحاتی عمل صوبے میں ٹیکس نظام کو جدید، شفاف اور زیادہ موثر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔