راولپنڈی، 25 نومبر(اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے منگل کو پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے الوداعی ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مثالی قیادت، سٹرٹیجک وژن اور پاک افواج کے لیے ان کی مخلصانہ خدمات کو سراہا۔
آرمی چیف نے سہ فریقی افواج (ٹرائی سروسز) کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، مشترکہ آپریشنل تیاری کو بہتر کرنے اور قومی سلامتی کے سٹرٹیجک اہداف کے فروغ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اہم کردار کی تعریف کی۔آرمی چیف نے خطے میں استحکام، عسکری سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے کیریئر کے دوران تعاون اور اعتماد پر آرمی چیف اور پاک افواج کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔











