اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کی ملاقات

11

اسلام آباد،25 نومبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے ملاقات کی، جس میں پاک – ایران تعلقات، علاقائی سلامتی، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان  اور ایران برادرانہ اور ہمسایہ ممالک ہیں، اور پاکستانی اور ایرانی قیادت کے حالیہ رابطے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے لیے دوسرا گھر ہے اور بھارت کے ساتھ جنگ میں ایران کی سفارتی و اخلاقی حمایت کے مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور ملکی دفاع کو مضبوط بنایا، اور ہمیشہ علاقائی و عالمی تنازعات کے پرامن اور پائیدار حل کا خواہاں رہا ہے۔

انہوں نے افغانستان کی سرزمین کے دہشت گردانہ استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کے عزم کو واضح کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران کے آئندہ ترقیاتی وژن کے لیے نیک خواہشات بھی ظاہر کیں۔

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے تاثرات کو سراہا اور پاکستانی عوام کی حمایت کو اسرائیلی جارحیت کے دوران قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور متفرق شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام پاکستانی عوام سے گہری وابستگی اور محبت رکھتے ہیں۔