راولپنڈی، 24 نومبر(اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے چیف آف جنرل اسٹاف، کنگڈم آف سعودی عرب جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ معززین نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے مملکت سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور حرمین الشریفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پاکستان اور سعودیہ عریبیہ کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے انمول تعاون کو بھی سراہا۔
قبل ازیں، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر، سہ فریقی چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔











