لاہور، 2 نومبر ( اے پی پی): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف سے ملاقات کی اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دو میچز کے لیے بہترین پچز اور گراؤنڈ کی تیاری پر انہیں مبارکباد دی۔
محسن نقوی نے گراؤنڈ اسٹاف کی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹاف نے دلجمعی سے کام کیا اور ان کی محنت کی بدولت شائقین کو اعلیٰ معیار کا کرکٹ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے، پی سی بی آپ کی محنت اور لگن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر گراؤنڈ اسٹاف کے حوصلے بلند کیے اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔











