راولپنڈی، 06 نومبر (اے پی پی ): ، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانیہ کی فوج کے چیف آف دی جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے جمعرات کے روز جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر یوکے کے سی جی ایس نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔











