اسلام آباد ، 12 نومبر ( اے پی پی): ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی علم، وقار اور متانت کا مینار تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سیاست، صحافت اور دانشوری کے شعبوں میں جو خدمات انجام دیں، وہ پارلیمانی و قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ سیدال خان نے کہا کہ عرفان صدیقی نے سوچ، قلم اور سیاست میں ایسی نمایاں وراثت چھوڑی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی کی ادبی، سماجی، سیاسی اور صحافتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ ایک بلند پایہ سیاسی رہنما اور باوقار شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔











