ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی کچہری دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

13

‎اسلام آباد،12نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد کچہری کے خودکش بم دھماکے کے  زخمیوں کی پمز ہسپتال میں عیادت کی  اور فرداً فرداً تمام زخمیوں کو فراہم کئے جانے والے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمی افراد کو حوصلہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے پمز ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ  تمام زخمیوں کوعلاج معالجے کی ہرممکن بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

‎  بدھ کویہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‎د ہشت گرد ان کارروائیوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، پمز ہسپتال میں  زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے ، ہماری عوام نے موقع پر امدادی کارروائیوں میں  حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی حفاظت پر مامور ایک ایک جوان اورایک ایک افسر اپنا کام کررہا ہے ، عوام کی جان ومال کا تحفظ کررہے ہیں  اور دہشت گردوں کی کارروائیوں کو روکنے میں دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  تمام بزدل دشمنوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ اسلام  آباد کا واقعہ اور وانا میں کیڈٹ کالج پر جو حملہ ہوا یہ ہمارے حوصلوں کو توڑ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں ہمارے تمام افسروں اور جوانوں نے کیمپس میں موجود 550 بچوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا، انہوں نے اپنی جان پر کھیل کر تمام بچوں کو ریسکیو کیا۔

انہوں نے کہا کہ 100کے قریب اساتذہ کا تحفظ بھی یقینی بنایا گیا اور سب کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ قوم جس طرح معرکہ حق میں متحد تھی آج بھی اسی طرح اتحاد کی ضرورت ہے ۔

‎انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں ہمارے سکیورٹی  کے افسر اور جوان اپنی جانوں پر کھیل کر جو کردار ادا کررہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ اسلام آباد کو محفوظ بنانے کےلئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے اور اپنے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کےلئے  ہرممکن کردار ادا کریں گے۔