ملتان ،10 نومبر (اے پی پی )ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ ڈی سی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں فارمیسی، سٹور، آؤٹ ڈور وارڈ، ڈسپنسری اور لانڈری سمیت دیگر سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی، نظم و ضبط، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال کی پارکنگ میں پرچی فیس اور انتظامیہ کے معاملات کی بھی چیکنگ کی۔ دورے کے دوران ڈی سی نے مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجہ بارے دریافت کیا۔ مریضوں نے ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو مزید بہتری کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہباز شریف ہسپتال میں ڈینگی کے حوالے سے خصوصی وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔











