ڈپٹی کمشنر کے ملتان میں صفائی صورتحال کی بہتری کیلئے اچانک دورے، ستھرا پنجاب مہم میں تیزی

24

ملتان،17 نو مبر(اے پی پی ): ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور اقدامات جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا جبکہ ڈویژنل ہیڈ آپریشن انوارالحق نے صفائی آپریشن اور عملے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے سے ملاقات کی اور ڈیوٹی کے معیار و کارکردگی کے حوالے سے استفسار کیا۔انہوں نے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی فوری تلفی کے لیے اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ رہائشی اور کمرشل علاقوں میں مزید کنٹینرز اور ڈرم بھی رکھے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔