کمشنر عامر کریم خان کا قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تاریخی بحالی منصوبے کا دورہ، 2.8 ارب روپے کے میگا منصوبے پر تفصیلی بریفنگ

12

ملتان، 25 نومبر (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تاریخی بحالی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر کنزرویشن و پلاننگ عظیم ڈار نے منصوبے کے تمام کمپوننٹس پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی نجم الثاقب، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے بھی موجود تھے۔

کمشنر عامر کریم خان نے ہدایت کی کہ بحالی منصوبے کے تمام کمپوننٹس کی مقررہ ٹائم لائنز فکس کی جائیں اور حکومت پنجاب کو فنڈز کی فراہمی کے لیے سفارشات ارسال کی جائیں۔ انہوں نے نگارخانہ کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار اور استعمال ہونے والے مٹیریل کا بھی جائزہ لیا۔

کمشنر نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی نہ صرف ملتان کی تاریخی شناخت کو ازسرِنو اجاگر کرے گی بلکہ سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کی حفاظت میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان اولیا کی دھرتی ہے اور اس کی تاریخ کو سنبھالنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

منصوبے کے ماسٹر پلان میں میوزیم، کیفے، واٹر ٹینک، شٹل سروسز، پارکنگ ایریاز، لینڈ اسکیپنگ، تاریخی دیواروں کی مرمت، فٹ پاتھ اپ گریڈیشن، فوڈ اسٹریٹ، کیمرہ سسٹم اور ٹریفک سائنز کی تنصیب شامل ہے۔ بریفنگ کے مطابق قلعہ کی فصیل، ریمپ، الیکٹریکل ورک، اوورہیڈ لائنز اور دیگر شعبوں میں بھی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ریسٹوریشن منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 2.8 ارب روپے بتائی گئی ہے۔