کمشنر عامر کریم خاں نے گول باغ میں “من و سلویٰ” پوائنٹ کا افتتاح کردیا

15

ملتان 14 نومبر )اے پی پی ): کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں نے گول باغ میں “من و سلویٰ” فری فوڈ پوائنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں مخیر حضرات، سول سوسائٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے شہریوں میں مفت کھانا تقسیم کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “من و سلویٰ ٹاور” میں جدید فریزر کی تنصیب کی گئی ہے جہاں کھانا محفوظ کرنے اور باعزت طریقے سے تقسیم کرنے کا مکمل نظام قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا پہلا پوائنٹ واپڈا کالونی جبکہ دوسرا انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم کیا گیا تھا، اور دونوں مقامات پر شہریوں کی جانب سے شاندار پذیرائی ملی، روزانہ سینکڑوں مزدور، دیہاڑی دار اور مستحق افراد ان پوائنٹس سے مفت کھانا لے کر مستفید ہو رہے ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ گول باغ پوائنٹ کے قیام میں مخیر حضرات کا تعاون قابلِ ستائش ہے اور یہ کمیونٹی پارٹنرشپ کی ایک بہترین مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت مند افراد کی عزتِ نفس کو برقرار رکھتے ہوئے کھانے تک باعزت رسائی کا منفرد ماڈل تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “من و سلویٰ” منصوبہ نہ صرف بھوک مٹانے میں مددگار ہے بلکہ کھانا ضائع ہونے سے روکنے اور سماجی جرائم میں کمی لانے کا بھی مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ کمشنر کے مطابق بزنس کمیونٹی کے تعاون سے مزید فوڈ پوائنٹس جلد ہی شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائیں گے۔

عامر کریم خاں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تازہ یا بچا ہوا صاف ستھرا کھانا “من و سلویٰ” پوائنٹس پر فراہم کر کے ثوابِ جاریہ میں حصہ ڈالیں۔